شہباز گل مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے

Shehbaz Gill PTI leader Photo The News 640x480
پی ٹی آئی رہنما، شہباز گل پر اداروں میں بغاوت پر اکسانے کا الزام ہے۔ فوٹو: دی نیوز

اسلام آباد: اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔
مردان ٹائمز کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت نے عمران خان کے چیف آف سٹاف اور پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے حکم کے خلاف نظر ثانی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا ہے کہ شہباز گل کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے تاکہ تحقیقات مکمل ہوسکے۔
مردان ٹائمز کو اس حوالے سے حاصل ہونے والی مزید تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’میں نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تفصیلی جائزہ لیا ہے، پولیس کی نامکمل تفتیش کی دلیل سے متفق ہوں۔‘
عدالتی کاروائی کے موقع پرعدالت کا مزید کہنا تھا کہ مطمئن ہیں کہ شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ اس اہم کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کے لیے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔
عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر تحویل میں لینے کے فوری بعد ملزم شہباز گل کا طبی معائنہ کروائیں۔ اسلام آباد کی عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے طبی معائنے کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کو پیش کی جائے۔
یاد رہے کہ ائڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے حکم کے خلاف نظرچانی درخواست کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی طرف سے وکلا فیصل چوہدری اور سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی کاروائی کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسی طرح مزید خبریں