اسلام آباد / پشاور: صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنی بیان کی خود وضاحت کریں۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستان کے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاک فوج کے آرمی چیف سمیت پوری پاکستانی فوج محب وطن ہے اور ان کی حب الوطنی پر کسی کو زرا برابر شک نہیں کرنا چاہیے۔ صدرمملکت عارف علوی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے جو بات کی وہ خود اپنے بیان کی وضاحت کریں۔ صدرعارف علوی نے کہا کہ میں اس حوالے سے کوئی کنفیوژن پیدا نہیں کرنا چاہتا، جو بیان دے وہ خود ہی اس کی وضاحت بھی کرے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ میں قومی حکومت کے قیام کی کوشش نہیں بلکہ سب کو ایک ساتھ بٹھانا چاہتا ہوں، انھوں نے کہا کہ میں اس کام میں کامیابی کے لیے پرامید ہوں۔ صدرمملکت نے کہا کہ میری وزیراعظم سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، اگرچہ رابطہ نہیں ہے تو فاصلے بھی نہیں۔ انھوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر شفافیت آجائے تو صوبوں کے مابین بداعتمادی ختم ہوجائے گی۔
پاکستان آئی ایم ایف ڈیل سے متعلق انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بہتر ڈیل ہے ، انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان معاشی دباؤ سے نکل آیا ہے، اور اس کے علاوہ اب دیگر ادارے بھی اپنا تعاون کریں گے، انھوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ مہنگائی جلد سے جلد ختم ہوجائے۔
سوشل میڈیا سے متعلق بات کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک جانورکی طرح ہے جسے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا ریگولیٹ نہیں ہوسکتا، لیکن اس پر جو کوئی بھی بات کرے تو انھیں چاہئے کہ احتیاط سے بات کرے۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شوکت ترین کی فون ٹیپ کرنے سے متعلق کہا کہ لوگوں کے فون ٹیپ کرنا خطرناک ہے ، تاہم ایسا دنیا بھر میں ہوتا رہتا ہے ، انھوں نے کہا کہ میں ای ووٹنگ کا حامی ہوں ، میں نے اس سلسلے میں کافی کام کیا ہے۔
Menu