پنجاب انتخابات: الیکشن کمیشن نے گورنر پنجاب سے الیکشن کی تاریخ پر مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا

Election_in_Pakistan_640x480
الیکشن کے دوران ووٹ ڈالنے کے لئے ووٹرز اپنا ووٹ ڈال رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
مردان ٹائمز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز کے اندراندر ضمنی انتخابات کرانے کے حکم پر عملدرآمد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس پیر کے دن منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے 10 فروری کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر عملدآمد پر غور کیا گیا۔
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن نے عدالت کے حکم کے مطابق گورنر پنجاب سے درخواست کی ہے کہ صوبے میں عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لیے کل یعنی 14 فروری 2023 کو میٹنگ کے لیے وقت دیں۔
الیکشن کمیش کی جانب سے اس حوالے سے ایک مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے، اور دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں سپیشل سیکرٹری ا ور ڈائریکٹر جنرل قانون کو مقرر کیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر سے مشاورت کریں۔
آج پیر کے دن ہونے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین کے علاوہ سیکریٹری ای سی پی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ 10 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرنے کا حکم دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسی طرح مزید خبریں