قرآن حکیم …اور …امت مسلمہ . رمضان مغل

Ramzan Mughal
رمضان مغل بلاگر۔ فوٹو: فائل

قرآن آخری آسمانی کتاب ہے جو آخری نبی حضرت محمد مصطفی ؐ پر نازل کی گئی۔ہماری خوش نصیبی ہے کہ اللہ تبارک و تعالی نے ہمیں امت محمدیہ یعنی اس رسولؐ کی امت میں پیدا فرمایا جنہیں اللہ نے رحمت اللعالمین بنا کراور انہیں قرآن کریم جیسی مقدس کتاب دی جو انسانوں کے لئے سر چشمۂ ہدایت ہے۔
حضرت امام مالک اپنی کتاب میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ؐ نے ارشاد فرمایا کہ میں تمہارے پاس دو چیزیں چھوڑ کے جا رہا ہوں ایک کتاب اللہ یعنی قرآن کریم اور دوسری نبی کی سنت اگر تم انہیں تھامے رکھو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہوگے۔
یہ حدیث مبارکہ بھی ہمیں اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتی ہے کہ قرآن کریم اور سنت رسولؐ کو تھامنے میں ہی ہدایت ہے۔ جس نے بھی کتاب اللہ اور سنت نبی کو سختی سے پکڑ لیا وہ کبھی بھی گمراہ نہیں ہوگا وہ ہدایت پر ہی رہے گا۔ اگرکوئی قرآن کو اور نبی کی سنت کو ایک ہی جگہ ایک شخص میں دیکھنا چاہتا ہے وہ رسول اللہ ؐ کی ذات گرامی ہے۔ جس نے ہمیں قرآن بھی پہنچایا اور اپنی سنت بھی سکھائی۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو قیامت تک آنے والے انسانوں کی ہدایت کے لئے نازل فرمایا ہے مگرواقعہ یہ ہے کہ قرآن کریم سے فائدہ صرف اللہ سے ڈرنے والے انسان ہی اٹھاتے ہیں۔
قرآن کریم کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ نے لی ہے، حضور اکرمؐ نے قرآن مجید کو لکھوانے کا بھی خاص اہتمام فرمایا چنانچہ نزول وحی کے بعد آپ کاتبین وحی کو لکھوا دیا کرتے تھے۔ نبی کریمؐ کا معمول یہ تھا کہ جب قرآن کریم کا کوئی بھی حصّہ نازل ہوتا تو آپ کاتب وحی کو یہ ہدایت فرماتے تھے کہ اسے فلاں سورہ میں فلاں فلاں آیت کے بعد لکھا جائے۔ کاتبین وحی میں حضرت زید بن ثابتؓ، حضرت ابی بن کعبؓ، حضرت زبیر بن عوامؓ اور حضرت امیر معاویہؓ کے نام خاص طور پر ذکر کئے جاتے ہیں۔قرآن کریم میں رب کریم نے ارشاد فرمایا کہ تمام جن و انس مل کر اگر قرآن میں ترمیم کرنا یا ان کے مثل لانا چاہیں تو نہیں لا سکتے ( سورہ ہود )۔ قرآن کا یہ چیلنج قیامت تک آنے والے انسانوں لئے ہے جس کا مثل نہ تو کوئی لایا ہے اور نہ کوئی لاپائیگا۔
قرآن مجید کو رب کریم نے نازل کیا ہے اوریہ حافظ قرآن کے سینے میں ہے۔جو لوگ اسلام اور قرآن کے خلاف لب کشائی کرتے ہیں ان سے بس یہی کہنا چاہئے کہ یا تو قرآن کے چیلنج کو قبول کریں یا اللہ سے ڈریں اور اس آگ سے ڈریں جس کا ایندھن آدمی اور پتھر ہیں اور یہ جان لیں کہ قرآن ہی ایک ایسی کتاب ہے جس میں ہر مسئلے کا حل ہے اور یہ کتاب پوری دنیا کے انسانوں کے لئے راہ ہدایت ہے ۔

اہم نوٹ: مردان ٹائمز اور اسکی پالیسی کا اس بلاگر کی سوچ اور اس کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے.
اگر آپ بھی مردان ٹائمز کے لئے اُردو میں بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو انتظار کئے بغیر آج ہی قلم اُتھائیے اور 1000 سے 1،200 الفاظ پر مشتمل اپنی خود ساختہ تحریر اپنے مکمل نام، تصویر، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر اکاونٹس اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ابھی ای میل کر دیجیے. ہم آپ کے تعاون کے شکرگزار ہیں.

Related Posts