اسلام آباد: پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی طرف سے ریسلر علی اسد کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں معطل کر دیا گیا اور ان کو ہر طرح کی ریسلنگ سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیا۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستانی ریسلر علی اسد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، وہ پہلی مرتبہ پاکستانی ریسلینگ ٹیم کا حصہ بنے تھے اور وہ پاکستان کی ریسلنگ کی تاریخ میں پہلے ریسلر ہیں، جن کا ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔
پاکستان کے ریسلنگ فیڈریشن کے چئیرمین سید عاقل شاہ نے علی اسد کا بی سیمپل ٹیسٹ بھی مثبت آنے پر ایک ہنگامی زوم میٹنگ بلائی جس میں ان کو معطل کرنے سمیت آئیندہ میں اس طرح کی واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے چئیرمین سید عاقل شاہ نے کہا کہ ریسلر علی اسد کی مثبت رپورٹس آنے پر ملک کی شدید بدنامی ہوئی ہے اور اس کے علاوہ ان رپورٹس سے ریسلنگ فیملی کو بھی بہت افسوس ہوا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ ایسی چیزوں کو بالکل برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
چئیرمین ریسلنگ فیڈریشن عاقل شاہ نے مزید کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز آرگنائزر کمیٹی اور واڈا کی طرف سے فیصلے آنے تک علی اسد ریسلنگ کے کسی بھی مقابلے اور سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔
Menu