بیٹی نے جعلی عامل کے ساتھ مل کر ماں کو 14 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچایا

Daughter Deceived mother for more than 14 Cror Dollars Photo BBC Urdu-Reuters 640x480
برازیل میں ایک لڑکی پر الزام ہے کہ اس نے اپنی ہی ماں کو کروڑوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔ فوٹو: بی بی سی اردو/رائیٹرز

براسیلا: برازیل میں پولیس کی جانب سے ایک خاتون کوگرفتار کیا گیا ہے جس پر شبہ ہے کہ اس نے ایک جعلی عامل کے ساتھ مل کر اپنی ہی ماں کومالی طور پر دھوکہ دیا اور 14 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے قیمتی فن پارے، نقدی اور زیورات ہتھیا لیے ہیں۔
مردان ٹائمز کو برازیل سے ملنے والی خبروں کے مطابق وہاں پر پولیس نے ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا ہے جس پر اپنی ہی ماں کو 14 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے قیمتی فن پاروں، نقدی اور زیورات ہتھیانے کا الزام ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پر متاثرہ خاتون برازیل کے آرٹ جمع کرنے والے شوقین لوگوں میں سے ایک کی بیوہ ہے۔
برازیل میں پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی بیٹی پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ انھوں نے ایک جعلی عامل کا استعمال کیا اور اپنی ماں سے آرٹ ورک اور فن پاروں کو منحوس قرار دلوایا۔ برازیل کی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے ایک پینٹنگ برازیل کے سب سے مشہور فنکار کی تھی اوران پینٹنگ کو مبینہ طور پر ایک بستر کے نیچے چھپائی گئی تھی۔
اس حوالے سے مردان ٹائمز کو جو رپورٹس ملی ہیں ان کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ منفرد سکینڈل 2020 میں شروع ہوا تھا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت ایک جعلی عامل نے متاثرہ بیوہ خاتون کو بتایا کہ اس کی بیٹی بیمار ہے اور اسے علاج کے لیے پیسوں کی نہایت ہی اشد ضرورت ہے جس کے بعد متاثرہ خاتون پیسے دینے پر راضی کیا گیا۔
برازیل پولیس کے مطابق اس کے بعد کے کئی مہینوں تک متاثرہ خاتون کی بیٹی اور ایک ساتھی جعلی عامل نے ’یہ کہہ کر گھر سے قیمتی آرٹ ورک لینا شروع کیا کہ ان پینٹنگ پر کسی منفی چیز کے اثرات موجود ہیں جس کی وجہ سے ان کی بیٹی بیمار رہتی ہے اور اس منفی توانائی یا اثرات کو زائل کرنے کے لیے اس پر دعا کی ضرورت ہے۔‘
اس حوالے سے پولیس نے مزید بتایا ہے کہ اس کیس میں متاثرہ خاتون کی بیٹی کے علاوہ کئی اور ساتھی بھی شامل تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی بیٹی اور دیگر ملزمان نے ملکر مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی۔ پولیس نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ ان افراد نے متاثرہ خاتون کوکئی مہینوں تک گھر تک محدود رکھا۔
اس سلسلے میں ایک برازیل پولیس افسر گلبرٹو ریبیرو کا کہنا ہے کہ، ’انھوں نے 16 پینٹنگز لیں، جس میں مشہور برازیلی فنکاروں کے کام بھی شامل ہیں۔‘
اس کے علاوہ برازیل کے ایک مشہور ماڈرنسٹ پینٹر کی ’ترسیلا ڈو امرال‘ نامی فن پارے کے تین حصے بھی چوری کر لیے گئے، جن کی مجموعی مالیت پولیس کے مطابق 13 کروڑ 76 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔
اس کیس کے حوالے سے برازیل کے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سول پوینٹے کی ایک پینٹنگ مشتبہ شخص کے بستروں میں سے ایک کے نیچے سے ملی تھی، جبکہ دیگر فن پارے مبینہ طور پر آرٹ گیلریوں کو فروخت کیے گئے تھے۔
برازیل پولیس کے مطابق اس کیس میں جن سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان پر کئی سالوں سے جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس کے مطابق ان افراد پر غبن، ڈکیتی، بھتہ خوری، جھوٹی قید اور مجرمانہ ایسوسی ایشن کے الزامات کا سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسی طرح مزید خبریں