محکمہ موسمیات کی جانب سے 26 اگست تک مزید بارشوں کی پیشنگوئی

اسلام آباد: پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ آئیندہ چوپیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید بارش کا امکان ہے۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رواں سال مون سون کے غیرمعمولی طویل سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ان کے نتیجے میں ملک بھر میں آنے والے سیلاب سے این ڈی ایم کے مطابق اب تک 935 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ بارشوں کی وجہ سے سیلاب سے جو تباہی مچی ہے یہ کسی ایک صوبے یا ملک کی بس کی بات نہیں اور کہا کہ دنیا ہماری مدد کے لئے آگے بڑھے۔ مختلف عالمی اداروں کی طرف سے حکومتِ پاکستان کی اپیل پر سیلاب کی متاثرینِ کی مدد کے لیے 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی فوری امداد کے اعلانات کیے ہیں۔
اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ اب تک ملک کے 116 اضلاع حالیہ بارشوں کی وجہ سے جانی یا مالی نقصان ہوا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث جہاں پانچ لاکھ سے زیادہ مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے وہیں دیہی علاقوں میں سات لاکھ سے زیادہ مویشی بہہ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے پاکستان کا صوبہ بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں پر 34 اضلاع میں تین لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم ائے کے مطابق دوسری نمبر پر جو صوبہ سب سے متاثر ہوا ہے وہ صوبہ سندھ ہے جس کے 23 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 22 لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں بھی حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہی ہوئی ہے اور اس صوبے کے کل 16 اضلاع اور وہاں پر رہنے والی چار لاکھ 18 ہزار سے زیادہ آبادی متاثر ہوئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے بھی 33 اضلاع میں سیلاب سے تباہی ہوئی ہے اور وہاں پر 50 ہزار لوگ کسی نہ کسی حد تک متاثر ہوئے۔
اُدھر پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26 اگست تک ملک کے زیادہ تر علاقوں بشمول سندھ، جنوبی پنجاب، جنوب، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مزید بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں اس وقت شدید بارش جاری ہے اور اس کی وجہ سے درائے سوات میں انتہائی اُونچے درجے کا سیلاب ہے۔ سوات سے ملنے والی تازہ ترین خبروں کے مطابق دریائے سوات نے کالام، بحرین، مدین اور دیگر علاقوں میں تباہی مچائی ہوئی ہے اور سیلابی پانی نے راستے میں آنے والی ہر چیز کو دریابرد کیا ہوا ہے۔ بالائی سوات کے سیاحتی مقامات کالام، بحرین اور مدین میں سیلابی پانی نے کئی ہوٹلوں، مساجد اور مکانات کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی طرف سے دریائے سوات اور کابل میں انتہائی اُونچے درجے کے سیلاب کے باعث پشاور، چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے ضلعی انتظامیہ کو ہر قسم کی حالات سے تیار رہنے کے لئے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسی طرح مزید خبریں