مکہ مکرمہ: آج سعودی عرب میں قافلوں کی شکل میں عازمین حج منیٰ سے میدان عرفات پہنچ گئے، جبکہ آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ بھی ادا کیا جا رہا ہے۔
مردان ٹائمز کو سعودی عرب سے ملنے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سعودی وزارت حج اور عمرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عازمین حج نے منٰی میں قائم کی گئی خیمہ بستی میں رات گزاری۔ وزارت کے مطابق اس وقت دنیا بھر کے 10 لاکھ اور پاکستانی تقریباً 80 ہزار عازمین نے نماز فجر تک منیٰ میں قیام کیا اوروہاں پر اپنے اپنے عبادت میں مگن رہے۔
مزید معلومات کے مطابق عازمین ھح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قافلوں کی شکل میں عرفات کی جانب روانہ ہوئے۔ عازمین حج عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرے گے۔ حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لئے مسجد نمرہ سے خطبہ حج پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر 40 منٹ پر دیا جائے گا۔
سعودی عرب میں اس وقت حج کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں اور اللہ کے مہمان میدان عرفات میں عبادات، توبہ استغفار اور تلبیہ بلند کرنے کے علاوہ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر ادا کریں گے۔ حج کے دوران ان دونوں باجماعت نمازوں کے لیے ایک ہی اذان دی جائے گی تاہم نماز باجماعت کے لیے دونوں ظہر اور عصرنمازوں کی اقامت الگ الگ ادا ہو گی۔
Thousands of Hujjaj have arrived in Arafat to fullfil the main obligation of #Hajj
pic.twitter.com/SAIGDNTXK7— Haramain Sharifain (@hsharifain) July 8, 2022
اس دوران میدان عرفات میں حجاج کرام نماز مغرب تک قیام کے بعد مزدلفہ کے لئے روانہ ہوں گے اور مزدلفہ میں وہ نماز مغرب اور عشا جمع کر کے ادا کریں گے۔ عازمین حج مزدلفہ میں رات بھرکھلے آسمان تلے قیام کے دوران عبادت اور دعائیں کریں گے۔ عازمین حج مزدلفہ کی حدود ہی سے رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔
واضح رہے کہ اس کے بعد حجاج کرام اگلے روز جمرات کے مقام پر کنکریاں مارنے کا عمل یعنی رمی جمرات کا آغاز کریں گے۔ اس کے بعد حجاج کرام سنت ابراہیمی یعنی قربانی کی تصدیق کے بعد حلق کروانے کے بعد اپنا احرام کھول دیں گے۔
اُدھر سعودی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 53 ہزار حجاج کرام نے طبی امداد طلب کی جبکہ ایک ہزار سات سو چھتیس حجاج کرام کوحج کے دوران طبی امداد فراہم کی گئی۔ سعودی وزارت حج نے یہ بھی کہا ہے کہ حج کے دوران کسی بھی حاجی میں کورونا یا منکی پاکس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔