ماسکو: ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دھمکی دی ہےکہ اگر کسی نے بھی مسلمانوں کی معزز کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کی کوشش کی تو اس کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔
مردان ٹائمز کے مطابق ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ جو بھی مسلمانوں کے معزز اور قابل احترام آسمانی کتاب قرآن پاک کو جلانے کا مجرم پایا جائے گا اسے ملک کے مسلم اکثریتی علاقوں میں سزا بھگتنا پڑے گی۔
واضح رہے کہ انھوں نے یہ بات صحافیوں کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران کہی ہے۔ روسی صدر نے مزید کہا ہے کہ جو بھی قرآن پاک کو نذر آتش کرے گا یا ایسا کرنے کی کوشش کرے گا، اسے روس کے مسلمان اکثریتی خطے میں قید کی سخت سزا ہوگی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: چین میں ریستوران میں دھماکہ، کم از کم 31 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات
یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا یہ فیصلہ روس کے حامی عسکری صحافیوں اور ٹیلی گرام چینلز کے مصنفین کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران سامنے آیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وولگوگراڈ شہر کی ایک مسجد کے سامنے نکتیازوراویل نامی ایک شخص کومسلمانوں کی معزز کتاب قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا یہ بیان بھی اسی تناظر کے سلسلے میں سامنے آیا ہے۔
اس کے علاوہ رواں سال کے اوائل میں روس نے سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے رہنما راسم پالوڈان کی طرف سے قرآن کو نذر آتش کیے جانے کی بھی سخت مذمت کی تھی۔