لاہور: عام انتحابات 2024 کے دوران لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 122 میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملا جہاں پر پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کو سردار لطیف کھوسہ نے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
مردان ٹائمز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونےوالی تازہ ترین غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ نے این اے 122 کی نشست بڑے مارجن سے جیت لی ہے۔ اس نشست پر پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق 77ہزار 709 ووٹ حاصل کر سکے جبکہ اس کے خلاف آزاد امیدوار نے ایک لاکھ 17 ہزار109 ووٹ لیے۔
مزید خبروں کے مطابق سردار لطیف کھوسہ اور خواجہ سعد رفیق کے درمیان 39ہزار400 ووٹوں کا فرق سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے شکست خوردہ امیدوار سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے مخالف امیدوار سردار لطیف کھوسہ کو فتح پر مبارکباد پیش کی اوراپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ عوامی فیصلے پر خوش دلی سے سر تسلیم خم۔
یہ خبر بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی کی بیرسٹرگوہر کو بڑی آفر، اپنے ساتھیوں سمیت پختونخوا میپ میں شامل ہوجاو اور وزیراعظم بن جاؤ
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انہوں نے مزید لکھا کہ اللّٰہ کریم آنے والی نئی پارلیمان کو متحد ہو کر قومی بحرانوں پر قابو پانے کی توفیق و تقویت عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 8 فروری 2024 بروز جمعران کو ملک میں عام انتخابات منعقد ہوئے جس کے نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں، اس کے بعد پاکستان مسلم ن دوسرے نمبر پر اور پاکستان پیپلز پارٹی تیسرے نمبر پر موجود ہے۔