اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے آج ایک نجی ٹی وی چینل پر پٹھانوں سے متعلق نازیبا زبان استعمال کی اور نسل پرستانہ تبصرہ کیا جس پر سوشل میڈیا پر ان کےخلاف شدید تنقید جاری ہے۔
مردان ٹائمز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی طرف سے پشتون قوم سے متعلق اُن کا ایک جملہ آج سوشل میڈیا پرکافی وائرل ہوگیا ہے اور لوگ بار بار اس کو شیئرکررہے ہیں جس میں وہ کہتے ہیں کہ ‘وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سابق سربراہ بشیر میمن نے وزیر اعظم ہاؤس میں ’پٹھان کے ساتھ باتھ روم جانے کا رسک لیا’۔
فواد چوہدری کےاس بیان پر سوشل میڈیا کے کئی صارفین بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے اپنے ورکرز پر کافی ناراض دکھائی دیتے ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے فواد چوہدری کے اس نازیبا اور نسل پرستانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اُن سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری طرف بہت سے لوگوں کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کی بے حس اینکر کاشف عباسی کے رویے پر سوالات اٹھائے ہیں اورپوچھا ہے کہ اُن کی طرف سے بھی اپنے شو میں پختون قوم کے خلاف اس ’نسل پرستی‘ کی نشاندہی کیوں نہ کی گئی۔
سوشل میڈیا پر جب اس حوالے سے بحث کافی بڑھ گیا تو خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے اپنے ہی ایک صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ بھی اس بیان کی مذمت کرتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: فواد چوہدری پختون قوم سے متعلق دیے گئے نازیبا تبصرے پر معافی مانگے، پی ٹی آئی رکن اسمبلی
آخر کیا واقعہ پیش آیا تھا؟
واقع کچھ یوں تھا کہ اس حوالے سے بات تب شروع ہوئی جب نجی ٹی وی چینل کے ایک اینکر کاشف عباسی نے پی ٹی آئی فواد چوہدری سے پوچھا کہ ‘کیا آپ نے سابق ڈی جی ایف آئی اے ’بشیر میمن کو باتھ روم میں بند کروا دیا؟‘
یاد رہے کہ اس سے پہلے اینکر کاشف عباسی نے ایک ویڈیو کلپ چلائی اور اس کے بعد انھوں نے پھر سے فواد چوہدری سے پوچھا کہ ’آپ لوگوں کو باتھ روم میں بند کر رہے تھے؟‘ اس پر فواد چوہدری نے کہا کہ انھوں نے اعظم خان کو یہ کلپ بھیجا ہے اور پیغام دیا کہ ’آپ بڑے بدمعاش ہو۔ مجھے تو کبھی نہیں لگا۔‘
اس پروگرام کے دوران اینکر کاشف عباسی نے پھرایک بار پھر پوچھا کہ کیا ایسا واقعہ ہوا تھا جس میں بشیر میمن کو باتھ روم میں بند کیا گیا؟ اس کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے مسکراتے ہوئے کہا ’انھوں نے (بشیر میمن) نے خود کہا ہے کہ مجھے سمجھانے کے لیے باتھ روم لے گئے۔ بڑا انھوں نے رسک (خطرہ مول) لیا پٹھان کے ساتھ باتھ روم جانے کا۔‘
فواد چوہدری کی یہ نسل پرستانہ اور بے ہودہ زبان استعمال کرنے پرکاشف عباسی پہلے تو یہ بات سن کر ذرا حیران ہوئے اور پھر انھوں نے مسکراتے ہوئے کہا ’بریک لیتے ہیں ناظرین۔ گل کتھے ہور جا رئی اے (بات کہیں اور نکل گئی ہے)۔
اس دوران پروگرام میں وقفہ کیا گیا اور وقفے کی بعد ایسا نہیں کہ اس بارے میں بات نہیں کی گئی بلکہ وقفے سے واپس آکر پھر سے کاشف عباسی نے پوچھا کہ "شاید دونوں اکٹھے باتھ روم میں گئے تھے، کیا آپ یہی کہہ رہے ہیں؟ یعنی بند نہیں کیا گیا صرف گپ لگانے کے لیے گئے تھے۔
اس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’یہی آپ نے سُنایا ہے۔‘
Menu