کراچی: پاکستان میں محکمہ موسمیات کی طرف سے آئیندہ دنوں میں ہیٹ ویو کی پیشنگوئی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ آئیندہ دنوں میں درجہ حرارت میں چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
مردان ٹائمز کے مطابق ان دنوں پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اورمحکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کی شدت میں رواں ہفتے مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کے محکمہ موسمیات نے اپنے ایک الرٹ میں لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ پانچ روز تک ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ’منگل یعنی 20 جون سے 24 جون تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔‘
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ گرمی کی آنے والی لہر سے ملک کا طول و عرض متاثر ہو گا اور اس دوران ملک کے ہر حصے میں وہاں کے معمول کے درجہ حرارت میں مزید دو سے چھ ڈگری سیٹی گریڈ تک اضافہ متوقع ہے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات نے گرمی کی اس شدت کی وجہ فضا میں ہوا کا زیادہ دباؤ کو قرار دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ’20 جون سے 24 جون کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں دن کا درجہ حرارت چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ اسی طرح صوبہ سندھ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کے وقت کا درجہ حرارت دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک چھوٹی سی خوشخبری بھی دی گئ ہے کہ گرمی کی اس شدت کے دوران ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان تو ہے تاہم یہ بارش محض وقتی ریلیف ہی ثابت ہو گی۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے جو الرٹ جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق ’درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافے کا سامنا ہو گا‘ جبکہ عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دن کے وقت بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔