راولپنڈی: پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ امن اور خوشحالی کے راستے پر گامزن رہنا ہی استقامت ہے، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ معدنیاتی پروجیکٹس عوام کی ترقی کا زینہ ہیں۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ’پاکستان منرل سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے تمام اداروں کے ساتھ مل کر ایس آئی ایف سی کا قیام یقینی بنایا۔
اپنے خطاب کے دوران آرمی چیف نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ معدنیاتی پروجیکٹس پاکستانی عوام کی ترقی کا زینہ ہیں۔
پروگرام کے دوران پاکستان کے آرمی چیف نے قرآن مجید کی سورۂ رحمٰن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ کا ارشاد ہے؛
"اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کوجھٹلاؤ گے”
اپنے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ اپنے ملک پر نظر ڈالیں تو برف پوش پہاڑوں سے لے کر صحرائوں کی وسعت تک اور ساحلی پٹی سے میدانی علاقوں تک اس سر زمین میں کیا کچھ نہیں ہے۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے قران پاک کا ایک حوالہ دے کر شرکاء پر واضح کرد یا کہ اللّٰہ ان کی مدد کرتا ہےجو اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کے آرمی چیف نے بیرک گولڈ کے سی ای او اور پریذیڈنٹ مارک برسٹو سعودی مائننگ منسٹر انجینئیر خالد بن صالح المدیفر اور دیگر سرمایہ کاروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔