کراچی: پاکستان کی مشہور و معروف سینئر فنکارہ بشریٰ انصاری نے ایک پروگرام میں کہا ہے کہ شوبزسے وابستہ شخصیات بھی عام لوگوں کی طرح روزے رکھتی اور نماز پڑھتی ہیں۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستان کی مشہور فنکارہ بشریٰ انصاری نے ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی عام افراد ہی کی طرح روزے رکھتی اور نماز پرھتی ہیں۔
بشریٰ انصاری نے یہ بات اس ضمن میں کی تھی کہ پچھلے دنوں انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پوتے پوتیوں کے ہمراہ سیر سپاٹوں کی تصاویر شیئر کی تھیں، اس تصویر پران کے بعض صارفین نے کمنٹس کیئے اور پوچھا کہ انہوں نے رمضان کا احترام نہیں کیا یا وہ رمضان میں روزے نہیں رکھتیں، جبکہ بعض لوگوں نے تو انہیں غیر مذہبی قرار دیا۔
ان تبصروں پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان فنکار نہ صرف روزے اور نماز کی پابندی کرتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ وہ روزمرہ کے دیگر معاملات بھی بخوبی انجام دیتے ہیں۔
سینئر فنکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں 90 فیصد عملہ روزے رکھتا ہے اوراس کے علاوہ وہ معمول سے زیادہ محنت کرتا ہے۔ انھوں نے اس بارے میں مزید کہا کہ پروڈکشن ہاؤس بھی اس میں ساتھ دیتے ہیں اور سیٹ پر ہی سحر و افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شوبز سے وابستہ افراد کام کے ساتھ ساتھ مذہبی فرائض بھی انجام دیتے ہیں۔