لاہور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لاہور کے زمان پارک سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آئندہ جمعے یعنی 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران نیازی نے 23 دسمبر یعنی جمعے کے روز سے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انھوں نے اپنے ویڈیو خطاب میں یہ بھی کہا کہ اس کے بعد وہ پھر 123 اراکین استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی جائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے لاہور کے زمان پارک سے ویڈیو لنک کے زریعے اپنے کارکنان سے خطاب کیا۔ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کے ساتھ خطاب کے دوران پنجاب کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب کے موقع پر عمران خان نے مزید کہا کہ میرا جینا مرنا سب پاکستان میں ہے، لیکن مجھے صرف یہ خوف ہے کہ چوروں کا یہ ٹولہ ملک کو بہت زیادہ تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے۔
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے اپنے ویڈیو خطاب میں مزید کہا کہ آج ملک میں تمام ہی طبقے ملک کی معیشت ڈوبنے کے خطرات سے دوچار ہیں، انھوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ پاکستان میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ پچاس برس میں مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔