تیل کی قیمتوں میں کمی کے لئے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی

Petrol filling_640x480
ایک شخص گاڑی میں پیٹرول ڈال رہا ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: تیل کی بین الاقوامی منڈی میں گزشتہ کئی دنوں سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پرپاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی ہے۔
مردان ٹائمز کے مطابق وزارت پیٹرولیم کے ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں می کمی کی سمری تیار کی گئی ہے اور اس حوالے سے وزارت خزانہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے سمری آگے ارسال کرے گی۔
زرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا تمام فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت پیٹرولیم کی جانب سے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو بھجوادی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دن وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزارت پیٹرولیم اور خزانہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کی تھی۔
اس حوالے سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس لئے اب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسی طرح مزید خبریں