راولپنڈی: پاکستان فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا ایک تازہ ترین بیان میں کہنا ہے کہ فوج کی طرف سے سیاست میں مداخلت غیر آئینی ہے، ہم نے گزشتہ سال فروری میں فیصلہ کیا تھا کہ فوج سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع اور شہدا کے سلسلے میں ایک پر وقار تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آج آپ سے یوم شہدا کی تقریب سے بطور آرمی چیف آخری مرتبہ خطاب کر رہا ہوں، انھوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ 6 سال اس فوج کا سپہ سالار رہا۔
پاکستان فوج کے سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کا مقابلہ کرنے سے کبھی غافل نہیں ہوگی، 1971 واقعے کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ‘سابقہ مشرقی پاکستان کا سانحہ ایک فوجی نہیں سیاسی ناکامی تھی’۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کے دوران مزید کہا کہ "گزشتہ سال فروری میں فوج کی طرف سے مشترکہ فیصلہ کیا کہ فوج سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، لیکن بدقسمتی سے اس آئینی عمل کا خیر مقدم کرنے کے بجائے کئی حلقوں نے فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بناکر بہت غیر مناسب اور غیر شائستہ زبان کا استعمال کیا، فوج پر تنقید عوام اور سیاسی جماعتوں کا حق ہے لیکن الفاظ کے چناؤ اور استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے”۔
Menu