اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت سے پہلے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب دیئے اور کہا کہ اگر حکومت اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں گے۔
مردان ٹائمز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت سے پہلے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا ہے کہ انتخابات کے لیے مذاکرات کرنے پر تیارہیں۔
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نیازی نے اس موقع پر مزید کہا ’اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں گے، اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو کوئی ضرورت نہیں۔‘
عمران خان نے سماعت سے پہلے ایک صحافی کی جانب سے مذاکرات کے نتیجے میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں واپسی کا سوال پرحکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’یہاں کوئی آئین بھی ہے؟ وہ آئین توڑنا چاہ رہے ہیں اور ہم آئین پر کھڑے ہیں۔ ہم رول آف لا پر کھڑے ہیں وہ قانون آئین توڑے رہے ہیں توہین عدالت کر رہے ہیں۔`
صحافی نے ایک بار پھر عمران خان سے سوال کیا اور پوچھا کہ کیا حالیہ مزاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لئے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے بیان بازی ہو رہی ہے ؟ جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے کوئی بیان نہیں آیا۔
سماعت سے پہلے عمران خان سے صحافیوں کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ اگر 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوتے تو کیا ہو گا؟ اس پر پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے جواب دیا ’آئین ٹوٹ جائے گا۔ اور اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا بھی زورہو گا اسی کی بات چلے گی۔‘