مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ایک دوسرے پر فائرنگ سے 2 فوجی ہلاک، تین زخمی

Indian army during firing Photo File 640x480
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی فائرنگ کرتے ہوئے۔ فوٹو: فائل

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں انڈین فوجیوں کے ایک اڈے کے اندر بھارتی فوجیوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے 2 اہلکار ہلاک اور کئی دیگرشدید زخمی ہوگئے۔
مردان ٹائمز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سورنکوٹ میں بھارتی فوجیوں کے ایک اڈے کے اندرایک دوسرے پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھارتی فورسز کے 2 اہلکار ہلاک اور دیگر کئی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی فوج کے ترجمان نے بھی ایک تازہ بیان میں فائرنگ کے اس واقعے کی تصدیق کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس واقے کی صحیح وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں شبہ ہے کہ بھارتی فوج کی ایک دوسرے پر فائرنگ کا واقعہ غلط فہمی کی وجہ سے یا حادثاتی طور پر رونما ہوا۔ انھوں نے مزید کہا کہ فی الحال بھارتی فوج کی طرف سے حقائق کا پتہ لگایا جا رہا ہے اس لئے اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی کیمپ کے اندرونی ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بھارتی فوجیوں کو آر او پی (روڈ اوپننگ پارٹی) کی ڈیوٹی کے لیے تعینات کیا جا رہا تھا۔
اُدھر وہاں پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں کا ایک دوسرے پر فائرنگ کا واقعہ فوجیوں کے درمیان ڈیوٹی کی تعیناتی پر پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بات بڑھتے بڑھے جھگڑے اور آخر میں فائرنگ تک جا پہنچا۔ عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ بھارتی فوجی کیمپ میں چار سے زائد ایمبولینسوں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے تعینات بھارتی فوج کے اہلکاروں میں آئے دن ذہنی دباؤ اور پست ہمتی بڑھتی جارہی ہے اور اس کی وجہ سے بھارتی فوجیوں میں خودکشی یا آپسی جھگڑوں کے واقعات عام ہورہے ہیں۔ بھارتی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق 2007 سے اب تک ایسے واقعات میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 600 کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

اسی طرح مزید خبریں