اسلام آباد: پاکستان کے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نو مئی کے منصوبہ ساز کے خلاف دو یا تین ہفتوں میں کاروائی شروع ہوسکتی ہے۔
مردان ٹائمز کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ آئیندہ دو سے تین ہفتوں میں نو مئی کے حملوں کے منصوبہ ساز کے خلاف فوجی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہوسکتی ہے۔
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے ایک پرائیویٹ چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملٹری ایکٹ اسی لیے بنا ہے کہ جب اس علاقے میں کوئی آدمی داخل ہو کر کوئی جرم کرے گا، بھلے اس نے یونیفارم پہنی ہو یہ سویلین ہو، تو اس کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت ہی ہونا ہے۔‘
یاد رہے کہ رانا ثنااللہ نے عمران خان کا نام لئے بغیر یہ بات کہی ہے۔ انھوں نے پروگرام کے دوران یہ بھی کہا کہ ’اگر وہ لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم جس کی منصوبہ بندی، جس کے کہنے پر ہم نے یہ کیا ہے، تو وہ جو بھی ہے اس میں آئے گا۔۔۔ ابھی سارے عمل کو 20، 25 روز ہوئے ہیں۔ میرا خیال ہے اس میں دو، تین ہفتے اور لگیں گے۔‘
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے نو مئی، یوم سیاہ، کو فوجی املاک اور تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جناح ہاؤس پر لوٹ مار سے قبل گولی چلانے یا قانونی کارروائی کا حکم نہیں دیا گیا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایک ایک ملزم نے یہ بات کہی ہے انھیں کیسے اور کس نے موٹیویٹ کیا۔‘